مسافر کوچوں کو بلاجواز تنگ کرنے کا عمل ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ٹرانسپورٹرز
کوئٹہ (پ ر) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے عہدے داروں نے کہا ہے۔ کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر کوچوں کو بلا جواز تنگ کرنے کا عمل عروج پر پہنچ چکا ہے۔ تلاشی کے بہانے ہر ناکے پر مسافروں کوچوں کو گھنٹوں کھڑا کر کے مسافروں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، میر اکبر لہڑی ،حاجی موسیٰ جان اچکزئی،حاجی ولی خان اچکزئی، حاجی سیف اللہ، حاجی علی محمد ،حاجی محمد ابراہیم، حاجی شمس اللہ اور دیگر عہدے داروں نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز سالوں سے اس روٹ پر ٹرانسپورٹ چلا رہے ہیں اور ہم نے ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا ہے۔ کیونکہ ہم قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ ھمیشہ تعاون کرتے ہیں۔ مگر ہر نئے دن کے ساتھ ہم پر کاروبار بند کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ اب جبکہ سردی کا موسم ہے۔ اس کے باوجود مسافر کوچوں کو ہر ناکے پر گھنٹوں روک کر کوچ کے پرزے پرزے کی تلاشی لی جاتی ہے۔ اور مسافر کو جن میں خواتین بچے بزرگ بھی شامل ہوتے ہیں۔ انہیں سخت سردی میں رات کو سڑکوں پر بٹایا جاتا ہے۔ جس سے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منطق سمجھ میں نہیں اتی۔ کہ جب ایک ناکے پر مسافر کوچ تلاشی کے بعد کلیئر ہو جاتا ہے۔ تو باقی ناکوں پر اس کی تلاشی کی ضرورت کیوں پڑتی ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے گورنر بلوچستان وزیراعلیٰ وزیر داخلہ بلوچستان کور کمانڈر 12 کور ائی جی ایف سی اور ائی جی پولیس بلوچستان سے اس بدترین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے