71سال قبل مظلوم کشمیریوں کو کا حق خودارادیت دینے کی قرارداد پر عمل نہیں ہوسکا، فردو س عاشق اعوان

0 122

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 71سال قبل مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کی جو قرارداد منظور کی تھی، اس پر سات دہائیاں گزرنے کے باوجود عمل نہیں ہوسکا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ 71سال سے کشمیریوں کا ناحق لہو بہایاجارہا ہے، ان کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں، انہیں اپنا جمہوری، قانونی اور جائز حق مانگنے پر جبرواستبداد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ظلم کا یہ باب صرف اس لئے طول پارہا ہے کیونکہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اپنے فرض کو پورا نہیں کررہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری بہادر اور ثابت قدم کشمیریوں سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ جبر واستبداد سے پاک ماحول میں اپنی زندگیاں گزار سکیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم بہادر کشمیریوں کو بھی پیغام دیتے ہیں کہ ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پورا پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہے، ہم کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جس ثابت قدمی، ہمت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ کشمیری اپنے حق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں، وہ اس بات کی گواہی ہے کہ وہ انشاء اللہ کامیاب ہوکر رہیں گے اور دشمن ناکام ونامراد ہوگا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.