رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے سے اس سے جڑے 40 شعبے عروج حاصل کرینگے‘ ہمایوں اختر خان
لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے سے اس سے جڑے دیگر 40 شعبے عروج حاصل کریں گے جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معیشت کا پہیہ بھی چلے گا ،رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جوبھی قانون آئے گا وہ یقینی طور پرایف اے ٹی ایف کے مطابق ہوگا ، حکومت نے گنے کی قیمت 190روپے فی من طے کی لیکن فصل کی کمی کی وجہ سے گنا 300روپے فی من تک بھی فروخت ہوا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے حوالے سے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے اور اس کے ہماری معیشت پر انتہائی مثبت اور دو رس نتائج مرتب ہوں گے۔ اس سیکٹر کیلئے ٹیکسز میں چھوٹ سمیت مراعات بھی دی گئی ہیں جو آج تک کسی حکومت نے دیں۔ کم لاگت کی ہائوسنگ سکیموںمیں اس سے بڑھ کر رعایتیں دی گئی ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا، اس فیصلے سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے جڑے ہوئے 40شعبے عروج حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ پبلک پرائیویٹ جوائنٹ ونچر پر بھی توجہ دے رہے ہیں ، ہم اس طرح کے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں جس میں باہر سے آنے والے کسی قرضے کی صورت میں فارن ایکسچینج کما کر فارن کرنسی میں واپس کیا جا سکے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ طاقتور معیشتوں کی صورتحال الٹ گئی ہے، ہماری زیادہ تر برآمدات کا انحصار یورپ او رامریکہ پر ہے لیکن ان ممالک میں کورونا کے شدید حملے کی وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہوں گی ۔ حکومت ان تمام حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی جاری ہے ۔