گوادر کی ساحلی پٹی کے قریب شنکانی در کے علاقے سے منشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد
گوادر کوسٹ لائن کے قریب شنکانی در کے علاقے میں ایک کامیاب کارروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 150 کلو گرام آئس (میتھم فیٹامائن) کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ منشیات کے ذخیرے کو ساحل کے قریب ایک گھر میں انتہائی شاطر طریقے سے چھپایا گیا تھا۔ حاصل شدہ معلومات کے مطابق یہ منشیات غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے بین الاقوامی منڈی میں لے جانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ ضبط شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کا تخمینہ تقریباً 47.83 ملین امریکی ڈالر یا 13.29 ارب روپے ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان نیوی کا کامیاب انسداد منشیات آپریشن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ اے این ایف اور پی این مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی غیر قانونی مقصد کے لیے پاکستانی زمین اور پانیوں کے استعمال کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اے این ایف اور پی این اس بات کا اعادہ کرتی ہیں کہ پاکستان کی ساحلی اور سمندری حدود میں مشترکہ طور پر اپنی قومی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔