موسمی طوفان کا الرٹ،بارش، آندھی اور ژالہ باری کی وارننگ جاری

0 62

موسمی طوفان کا الرٹ،بارش، آندھی اور ژالہ باری کی وارننگ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جب کہ طوفانی ہوائیں اور شدید موسمی تبدیلیاں معمولاتِ زندگی متاثر کر سکتی ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں مردان، چارسدہ، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہستان، ہنگو، بنوں، ڈی آئی خان اور کرم شامل ہیں، وہاں بھی بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور بجلی کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب، جنوبی خیبرپختونخوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو عوامی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بھی بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جن میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گوادر، کوئٹہ اور تربت شامل ہیں۔ ان شہروں میں آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.