پیراپلیجک سنٹر پشاور میں افرادِ باہم معذوری کیلئے تین روزہ کیریئر ڈیویلپمنٹ تربیتی پروگرام کا انعقاد

0 423

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیراپلیجک سنٹر پشاور میں افرادِ باہم معذوری کیلئے تین روزہ کیریئر ڈیویلپمنٹ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیت پیراپلیجک سنٹر اور بین الاقوامی کمیٹی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے اشتراک سے فراہم کی گئی جس میں 15 شرکاء نے حصہ لیا۔ پروگرام کے ٹرینرز میں پی سی پی کی کلینیکل سائیکالوجسٹ سارہ نعمت، انچارج میڈیا سیل انجنیئر سلمان خان اور آئی سی آر سی کے ڈس ایبلٹی انکلوژن ایڈوائزر محمد اقبال شامل تھے۔ پروگرام کا مقصد افرادِ باہم معذوری کو ایسی مہارت، آگہی اور اعتماد فراہم کرنا تھا جو انہیں مختلف شعبوں میں روزگار حاصل کرنے کے قابل بنائے۔ شرکاء کو تکنیکی اور سافٹ اسکلز جیسے مؤثر ابلاغ، ٹیم ورک، مسئلہ حل کرنے، ملازمت کے حصول اور کیریئر پلاننگ جیسے موضوعات پر عملی تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں حقیقت پسندانہ اہداف طے کرنے، مختلف پیشہ ورانہ راستوں کی تلاش اور انفرادی ترقیاتی منصوبے بنانے میں رہنمائی دی گئی۔پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر نہ صرف افرادِ باہم معذوری کے طبی اور جسمانی بحالی کا ضامن ادارہ ہے بلکہ اُن کی معاشی و معاشرتی فعالیت اور باعزت زندگی کی راہ ہموار کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی عملی مثال ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ سنٹر سے بحال اور تربیت مکمل کرنے والے باہمت نوجوان انجنیئر سلمان خان آج اسی تربیتی نشست میں بطور ٹرینر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح سنٹر کا ایک اور گریجویٹ احسان دانش آج ایک پیرااولمپیئن کے طور پر عالمی سطح پر ملک و قوم کا سر بلند کر رہا ہے جو ہمارے ادارے کے وژن اور مسلسل کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آئی سی آر سی کے پروگرام منیجر برائے پی آر پی عزیز اللہ نے اس بامقصد پروگرام کو سراہا اور پیراپلیجک سنٹر کی انتظامیہ و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ یہ تربیتی پروگرام افرادِ باہم معذوری کو باوقار زندگی کی جانب گامزن کرنے اور معاشرتی شمولیت و مساوی مواقع کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.