خطبہ حج 2025: ’’ہر قسم کی مصیبت صرف اللہ ہی دور کرسکتا ہے، فلسطینیوں کے لیے خصوصی التجا

0 122

خطبہ حج 2025: ’’ہر قسم کی مصیبت صرف اللہ ہی دور کرسکتا ہے، فلسطینیوں کے لیے خصوصی التجا

میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید نے ایمان، تقویٰ، نیکی اور اللہ پر بھروسے کا جامع پیغام دیا۔ انہوں نے حجاج کرام کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے ڈرو کیونکہ تقویٰ دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو تقویٰ اختیار کرنے اور حرام کاموں سے بچنے کا حکم دیا ہے۔

امام کعبہ نے خطبے میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، سچائی، یتیموں، مسکینوں اور ہمسایوں سے بھلائی کرنے کو ایمان کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وعدے پورے کرنا، حیا اپنانا، اور کتابوں پر ایمان رکھنا بھی ایمان کے بنیادی اجزاء ہیں۔

شیخ صالح بن عبداللہ نے فرمایا کہ شیطان انسانوں کے درمیان دشمنی ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ نیکی اور بدی کبھی برابر نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے حجاج کو تلقین کی کہ شریعت پر عمل کریں، دین کو اپنی زندگی کا مرکز بنائیں، اور اللہ کی عبادت میں اخلاص پیدا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’اللہ کی رضا جنت سے بھی بڑھ کر ہے‘‘ اور جو اس کی رضا چاہتے ہیں وہ اس کے حکم کے تابع رہتے ہیں۔ انہوں نے توحید پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی نبی یا ولی عبادت کے لائق نہیں، عبادت صرف اللہ ہی کا حق ہے۔

نماز کو اللہ اور بندے کے درمیان رشتہ قرار دیتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ تمام پریشانیاں اور مصیبتیں دور کرنے والا صرف اللہ ہی ہے۔ خطبے کے اختتام پر امام شیخ صالح بن عبداللہ نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی اور ان کے حق میں اللہ سے مدد و نصرت کی التجا کی۔

انہوں نے حجاج کرام کی خدمت کے لیے سعودی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.