ہزارہ ٹاؤن‘ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘ کاشف حیدری

0 194

کوئٹہ ( ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے واپڈا کی جانب سے جاری غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ہر دو گھنٹے بجلی بند کر کے صرف 15 منٹ کے لیے فراہمی، عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں جب درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے، کوئٹہ جیسے حساس علاقے میں یہ صورتحال ناقابل برداشت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے ان دنوں میں جب ہوا بند ہو، نمی کم ہو، اور سورج سروں پر ہو، ایسے میں بجلی کی بار بار بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ “راتیں اذیت میں گزر رہی ہیں، نیند حرام ہو چکی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ حکومت اور واپڈا کی بے حسی شرمناک ہے،” کاشف حیدری نے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف حکومت بجلی کے بلوں میں بے شمار ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے، دوسری طرف بجلی فراہم کرنا تک گوارا نہیں۔ “ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے جو بل تو پورے لیتا ہے مگر بجلی دینے سے قاصر ہے۔” کاشف حیدری نے کہا کہ اس صورتحال سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کا کاروبار بھی تباہی کے دہانے پر ہے۔ گرمی اور لوڈشیڈنگ نے بازار سنسان کر دیے ہیں۔ چھوٹے جنریٹرز مہنگے ایندھن کی وجہ سے چلانا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو تاجر برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی، اور تمام جمہوری و آئینی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.