ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: بھارتی کپتان کا ایک بار پھر پاکستانی کپتان سے مصافحہ سے انکار

0 78

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں ٹاس کے موقع پر ایک بار پھر بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، جس پر شائقین کرکٹ نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ میں نمی موجود ہے، اس لیے بولنگ بہتر انتخاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور اگر بھارتی ٹیم کو 250 رنز سے کم پر روکا گیا تو ہدف حاصل کرنا ممکن ہوگا۔

دوسری جانب، بھارتی کپتان کی جانب سے مصافحہ نہ کرنے کے عمل کو سوشل میڈیا صارفین نے “کھیل میں سیاست” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مصافحہ سے انکار کیا تھا۔ مردوں کے ایشیا کپ میں بھارتی کپتان سوریا کمار نے بھی اسی نوعیت کے رویے کا مظاہرہ کیا تھا اور بعد ازاں پاکستان مخالف بیانات دے کر کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کا یہ رویہ نہ صرف کھیل کے وقار کے منافی ہے بلکہ “اسپورٹس مین اسپرٹ” کے تصور کو بھی مجروح کرتا ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.