فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا
اسلام آباد ( منشاقاضی سے)حکومتِ پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) کے طور پر باقاعدہ طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ تقرری 22ویں آئینی ترمیم ایکٹ 2025 کے تحت کی گئی، جس کے بعد پاکستان آرمی ایکٹ 1952 میں بھی ضروری ترامیم کی گئی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جنرل عاصم منیر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کے علاوہ نئے قائم شدہ عہدے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ تینوں مسلح افواج — آرمی، نیوی اور ایئر فورس — کی متحدہ کمان اور اسٹریٹجک نگرانی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز حکومت کے مشیرِ اعلیٰ کے طور پر قومی دفاع اور اسٹریٹجک سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر رہنمائی فراہم کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، کمانڈز اور سول و عسکری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں تاکہ آئینی و انتظامی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کی جا سکیں۔
اعلامیے پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے دستخط موجود ہیں، جس کے بعد یہ تقرری باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔