شہباز شریف کا کیمپ جیل میں فواد حسن فواد کے کمرے کے باہر آگ بھڑکنے پر اظہار تشویش
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کیمپ جیل میں فواد حسن فواد کے کمرے کے باہر آگ بھڑکنے پر اظہار تشویش کرتے ہ وئے کہاہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے، پتہ چلنا چاہیے کہ ایسا کیوں ہوا؟ ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ واقعہ کی تحقیقات کی رپورٹ سامنے لائی جائے تاکہ حقائق کا علم ہوسکے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے سیاسی مخالفین کی جیل میں آتشزدگی پریشانی اور فکر کی بات ہے ۔ انہوںنے خواجہ سعد رفیق کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ فواد حسن فواد سمیت سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے دیگر تمام قیدیوں کے حوصلے اور جرات قابل ستائش ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جیل کے تمام قیدیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ بتایا جائے کہ تمام قیدی خیریت سے ہیں اور آگ سے متاثر یا زخمی نہیں ہوئے ،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آگ لگنے کے واقعے میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔