وفاقی حکومت ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری منعقد کرنے جا رہی ہے،عبدالعزیز عقیلی
کوئٹہ( خ ن) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ کسی بھی ملک میں مردم شماری کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس سے آبادی کی تعداد، معاشی حالت اور نقل وحرکت کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ ان معلومات کی روشنی میں آئندہ کے لئے آبادی کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کے لئے منصوبہ بندی کی جاتی ہے اسی وجہ سے ایک مخصوص وقفے کے بعد باقاعدہ طور پر مردم شماری کی جاتی ہے۔ اسی کی بنیاد پر حکومت مکمل ترقی اور قوم کی فلاح و بہبود کی خاطر طویل المیعاد بنیادوں پر پالیسیاں بناتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت
کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین خان جمالدینی سمیت عسکری حکام جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ وقت مقررہ پر صوبے میں مردم شماری کرائیں گے اور اس کی شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری منعقد کرنے جا رہی ہے۔ مردم شماری ایک آئینی ذمہ داری ہے اور اس کو مکمل کرنے کے لیے ہر ایک کو پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ فرائض سر انجام دینا ہوگا۔ کیونکہ مردم شماری کا یہ عمل
سازوں کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ موجودہ مردم شماری مستقبل کے ترقیاتی عمل کے لیے اہداف طے کرنے اور ترقی کے سفر کو ایک نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اسی کی بنیاد پر آنے والے سفر کا آغاز طے کیا جائے گااگر مردم شماری کا عمل درست خطوط پر استوار کیا جائے تو اس کے کئی فوائد ہیں اگر مردم شماری کے اعداد و شمار درست ہوں گے تو تو ان سے کسی بھی طبقے کے حقوق کی حق تلفی نہ ہو گی اور کسی طبقے میں احساس محرومیت پیدا نہ ہو گا اور جب ہر صوبے ہر علاقے کو ان کی آبادی کے مطابق ملک کے ترقیاتی عمل میں شامل کیا جائے گا تو پورے ملک میں یکجہتی کا ایک احساس پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مردم شماری کے کامیاب انعقاد کے لیے سیکیورٹی کی بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈی ائی سی سی اجلاس منعقد کریں۔