کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول

0 11

aتربت میں کھیلوں اور صحت کے فروغ کا ایک تاریخی و شاندار انعقاد
تربت (کیچ):کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول ایک عظیم الشان، تاریخی اور مثالی ایونٹ کے طور پر تربت شہر میں منعقد کیا گیا ہے، جو 5 جنوری سے 16 جنوری تک مسلسل جاری رہے گا۔ یہ فیسٹیول ضلع کیچ میں کھیلوں کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کے احیاء اور نوجوانوں کی مثبت صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ایک منظم، بامقصد اور قابلِ تحسین کوشش ہے، جسے ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیرِ نگرانی بشیر احمد بڑیچ اور سیکریٹری فیسٹیول التاز سخی کی متحرک قیادت میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔
کیچ، جو ہمیشہ سے اپنی مہمان نوازی، ثقافتی روایات، باصلاحیت نوجوانوں اور کھیلوں سے محبت رکھنے والے عوام کے لیے جانا جاتا ہے، ایک بار پھر اس فیسٹیول کے ذریعے صوبے بھر میں اپنی مثبت شناخت کو اجاگر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس فیسٹیول نے نہ صرف کیچ کے نوجوانوں کو ایک صحت مند پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ پورے بلوچستان کے لیے ایک مثالی ماڈل بھی پیش کیا۔
فیسٹیول کی شاندار افتتاحی تقریب 5 جنوری کو صبح 10:30 کو اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں فیسٹیول میں شریک تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں نے بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ مارچ پاسٹ میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں ضلع کیچ کی نامور سیاسی، سماجی، قبائلی اور عوامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔
تقریب کے دوران عبدالستار منصوری (انٹرنیشنل) اور صبحان کریم کی خصوصی شرکت نے افتتاحی تقریب کو یادگار بنا دیا۔
افتتاحی پروگرام میں مختلف دلچسپ اور روایتی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں رسہ کشی، سائیکل ریس، بلوچی روایتی کھیل ہشت چوکی اور جی شامل تھے۔ ان سرگرمیوں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی بھرپور دلچسپی لی، جس سے فیسٹیول ایک عوامی تہوار کی صورت اختیار کر گیا۔
مزید برآں، اسٹیج پر ایک شاندار باڈی بلڈنگ شو بھی پیش کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے اپنی محنت، فٹنس اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ کیا۔ تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے اپنے خطابات میں کھیلوں کی اہمیت، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل پر زور دیا۔
فیسٹیول میں شرکت کرنے والے نامور سیاستدانوں میں ڈاکٹر مالک بلوچ، ڈاکٹر غفور، واجہ حمل گوڑی، نواب شمبے زی، برکت رند اور دیگر سیاسی رہنما شامل تھے، جنہوں نے اپنے خطابات میں کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کو نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند اور بروقت اقدام قرار دیا اور منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔
کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو منشیات، بے راہ روی اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیلوں، صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت سوچ کی جانب راغب کرنا ہے۔ یہ فیسٹیول نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن اور یکجہتی کے پیغام کو بھی عام کر رہا ہے۔
آخر میں فیسٹیول کے سیکریٹری التاز سخی نے انتظامیہ، کھلاڑیوں، معزز مہمانوں، رضاکاروں اور کیچ کے باشعور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کی کامیابی ٹیم ورک اور عوامی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کیچ میں اس نوعیت کے مزید بڑے، معیاری اور مثبت اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
بلاشبہ، کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول تربت کے لیے ایک بڑا، تاریخی اور قابلِ فخر ایونٹ ہے، جو نہ صرف نوجوانوں کے روشن مستقبل بلکہ ایک صحت مند، پرامن اور متحرک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مشیر برائے ماہی گیری معتبر حاجی برکت رند، سابق مشیر لالہ رشید دشتی، سابق سینیٹر محمد اسماعیل بلیدی، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن بلوچ، ایس ایس پی کیچ زوہیب محسن،
,کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی،اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ملک ریحان دشتی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی، فیسٹیول کمیٹی کے اراکین عومر ہوت، غلام اعظم دشتی، ٹھیکیدار ظریف رند، شاہ دوست دشتی
پیپلزپارٹی کے رہنما نواب شمبے زئی، بی این پی کے رہنما ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی ارشاد ڈھنڈائی، عطاء اللہ محمد زئی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ آج کا دن ضلع کیچ کے عوام کے لیے نہایت خوشی کا دن ہے، کیچ میں ٹیلنٹ بہت ہے اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے، ڈی سی کیچ کی جانب سے کھیلوں پر توجہ خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ کیچ کی سرزمین نے عطا شاد جیسے عظیم شاعر و ادیب کے علاوہ عظیم کھلاڑی بھی پیدا کیے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر کھیل کر علاقے اور ملک کا نام روشن کیا، ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مواقع فراہم کرنے کی ہے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور تکنیکی مہارتوں پر بھی توجہ دیں، انہوں نے کہا کہ وہ کھیلوں کے شعبے کی بہتری کے لیے صوبائی پی ایس ڈی پی میں فنڈز مختص کریں گے۔

مشیر برائے ماہی گیری معتبر حاجی برکت رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے تربت میں اس نوعیت کے بڑے اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد قابلِ تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھی منعقد ہونے چاہئیں تاکہ دیہی علاقوں میں بھی کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔

قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے معزز مہمانوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضلع کیچ کی سرزمین ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ بہترین کھلاڑی بھی پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے کی تشکیل میں مثبت سماجی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی کا اہم کردار ہوتا ہے، اور کھیل اس میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے شعبے سے وابستہ افراد ہمیشہ نظم و ضبط کا پابند ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں کیچ کلچرل فیسٹیول کی کامیابی کے بعد عوامی مطالبے پر اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول ضلع کیچ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس فیسٹیول کے انعقاد سے ضلع کیچ میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ایک صحت مندوتندرست معاشرے کی تشکیل کی راہ ہموار ہوگی۔

کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کیچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میگا ایونٹس ہر سال منعقد ہونے چاہئیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن بلوچ نے فیسٹیول کے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کی نظامت فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی نے سرانجام دیئے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی فدا احمد نے بھی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فنڈز کی فراہمی پر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈی سی کیچ کا شکریہ ادا کیا۔
فوڈ اسٹالز اور کتابوں کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے، واضح رہے کہ فیسٹیول میں فٹ بال، کرکٹ اور والی بال کے ساتھ ضلع کیچ کے روایتی اور مقامی کھیلوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مقامی ثقافت کو فروغ اور تحفظ دیا جا سکے، کراچی، کوئٹہ، چمن اور گوادر کے علاوہ ہمسایہ ملک ایران سے آنے والی فٹ بال ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، مجموعی طور پر 20 سے زائد کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں، خواتین کے مقابلے گورنمنٹ گرلز کالج تربت میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

فیسٹیول کے دوران فیسٹیول منتظمین اور سیاست دانوں کے درمیان رسہ کشی کادلچسپ مقابلہ بھی منعقد ہوا، پہلے دن کے اختتام پر معزز مہمانوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے۔
قبل ازیں مختلف ٹیموں کی جانب سے شاندار مارچ فاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، تقریب میں عومر ہوت اورکیپٹن نعیم اکرم نے بھی کمپیئرنگ کی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.