وفاقی ادارے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کرینگے، عمرا ن خان
کوئٹہ(این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹڈی دل کے خاتمے کے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی اور اجلاس کو اپنے اپنے صوبوں میں ٹڈی دل کی صورتحال اور تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کرونا وائرس اور ٹڈی دل کے چیلنجز درپیش ہیں جن سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکران اور چاغی جیسے وسیع وعریض علاقوں میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے فضائی سپرے سمیت فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ متعلقہ وفاقی ادارے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کریں گے اور فضائی سروے کے لئے جہاز اور ہیلی کاپٹر فراہم کئے جائیں گے، تینوں وزرائے اعلیٰ نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کی۔