’بڑے ناموں نے پاکستان کو کوئی آئی سی سی ایونٹ نہیں جتوایا‘، محمد حفیظ اور شعیب اختر آمنے سامنے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے 90 کی دہائی میں پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کوئی میراث نہیں چھوڑ کر گئے کیونکہ انہوں نے کوئی آئی سی سی ایونٹ نہیں جتوایا۔محمد حفیظ نے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق کھلاڑیوں نے 1996، 1999 اور 2003 کے ایونٹ بُری طرح ہارے حالانکہ ہم ایک فائنل میچ جیت سکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے کھلاڑی میگا سپر اسٹارز تھے لیکن آئی سی سی کا کوئی ایونٹ جیت کر ہمیں متاثر نہیں کرسکے اس کے بعد کچھ چیزیں بہتر ہوئیں تو 2009 میں ہم نے یونس خان کی کپتانی میں ایک آئی سی سی ایونٹ جیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آج لوگ بابر اعظم کو آئیڈیل سمجھتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ 2017 کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے جس نے پاکستان کی کرکٹ پر بہت اثر ڈالا، اور اس جیت سے کرکٹ واپس آئی تھی۔محمد حفیظ نے کہا کہ بدقسمتی سے آئی سی سی میں میچ جیتنے کی خواہش 90 کی دہائی کے کرکٹرز پوری نہیں کر سکے۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر بھی اسٹوڈیو میں بیٹھے ہوئے تھے جنہیں محمد حفیظ کی بات اچھی نہیں لگی اور انہوں نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ نے تمام کھلاڑیوں کو ملا دیا ہے لیکن 73 ون ڈے میچوں میں جو آج ہم انڈیا سے اوپر ہیں وہ میچز ہم نے ہی جیتے ہیں۔