سربراہ پاک فضائیہ کا ایوی ایشن رائٹر اور صحافی پشپندر سنگھ چوپڑا کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
06 مئی (ویب ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشہور ایوی ایشن رائٹر/ صحافی پشپندر سنگھ چوپڑا کی موت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے جنہوں نے 03 مئی2021 کو دہلی میں 77 سال کی عمر میں کوڈ-19 وباء کے
باعث وفات پائی۔ پشپندر سنگھ ایوی ایشن کے موضوع پر لکھنے والے ایک منجھے ہوئے صحافی تھے جو اپنے بےلاگ تجزیوں کی وجہ سے مشہور تھے۔ وہ پاک فضائیہ کے بہت بڑے مداح تھے۔ انہوں نے1991 میں راوی رائکے اور پیٹر سٹینمین کے ہمراہ پاک فضائیہ پر ایک جامع کتاب “فضائیہ – سائیکی آف پاکستان ائیر فورس” تحریر کی۔ وہ سنی بینک مری میں پیدا ہوئے اور اپنا بچپن لاہور میں گزارا جسکے بعد انکا کنبہ ھندوستان منتقل ہو گیا۔ سنہ 2000 میں انہوں نے پاک فضائیہ کے مہمان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر مارشل نور خان نے انکے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ایک عشا ئیہ بھی دیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے انکے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ایوی ایشن صحافت کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پشپندر سنگھ کے نقظہ نظر اور وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔