ٹرمپ کا ایک بار پھر دعویٰ: میں نے پاکستان اور بھارت میں جنگ روکی، بھارت برہم
ٹرمپ کا ایک بار پھر دعویٰ: میں نے پاکستان اور بھارت میں جنگ روکی، بھارت برہم
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اُن کا کلیدی کردار رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا:
“مجھے فخر ہے کہ میں نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ رکوائی، میں نے انہیں کہا کہ اگر گولیاں چلیں تو تجارت بند کر دوں گا۔”
ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے۔”
یاد رہے کہ ٹرمپ متعدد بار یہ دعویٰ دہرا چکے ہیں، تاہم بھارت مسلسل اس کی تردید کرتا آیا ہے۔ نئی دہلی میں مودی حکومت اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتی ہے، جب کہ بھارتی اپوزیشن اسے مودی حکومت پر تنقید کا موقع بناتی ہے۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے گزشتہ ماہ پارلیمانی کمیٹی کو بتایا تھا کہ “یہ جنگ بندی مکمل طور پر دو طرفہ تھی، ٹرمپ نے نہ اجازت لی، نہ کردار ادا کیا، بلکہ خود کو اسٹیج پر لے آئے۔”
واضح رہے کہ 10 مئی کو صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔