عیدالاضحیٰ پر قیدیوں کے لیے خوشخبری، سندھ میں 120 دن کی سزا معافی کا اعلان
عیدالاضحیٰ پر قیدیوں کے لیے خوشخبری، سندھ میں 120 دن کی سزا معافی کا اعلان
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر صوبے بھر کی جیلوں میں قید عام سزا یافتہ قیدیوں کے لیے 120 دن کی خصوصی سزا معافی کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق یہ معافی صرف ان قیدیوں کے لیے ہے جنہیں معمولی نوعیت کے جرائم میں سزا سنائی گئی ہے۔ سزائے موت کے قیدیوں اور سنگین جرائم میں ملوث افراد پر اس رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ قتل، دہشت گردی، جنسی زیادتی، اغواء، منشیات، فارن ایکٹ، جاسوسی اور مالی بدعنوانی جیسے مقدمات میں سزا یافتہ افراد اس معافی کے اہل نہیں ہوں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس رعایت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت جیلوں میں موجود ایسے قیدی جو عام مقدمات میں سزا کاٹ رہے ہیں اور جن کے خلاف سخت نوعیت کے الزامات نہیں ہیں، ان کی سزا میں 120 دن کی کمی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عید کے موقع پر قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر خوشی لانے کی نیت سے کیا گیا ہے تاکہ وہ جلد اپنے پیاروں کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔