بلدیاتی انتخابات کا مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرناہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

0 180

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے 35 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابی عمل کے آخری مرحلے کے پرامن اور خوش اسلوبی سے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ انہوں نے انتظامیہ پولیس اور لیویز کو انتخابات کے لیے بہترین سیکیورٹی و دیگر انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا ہے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلی نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں فعال بلدیاتی اداروں کا قیام کلیدی حیثیت کا حامل ہے اور بلدیاتی انتخابات جمہوریت اور جمہوری رویوں کے تسلسل کا عکس ہیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مقصد ہی مقامی طور پر عوام کو با اختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا اور ہم نے بلدیاتی انتخابات میں پولیس اور لیویز کی جانب سے فراہم کردہ سکیورٹی کی مدد سے اس امر کا ثبوت دیا کہ صوبہ اب دیر پا امن کی جانب بڑھ رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران انہوں نے اپنے آبائی حلقے سمیت صوبے کے کسی بھی ضلع کا دورہ نہیں کیا تاکہ عوام میں یہ تاثر نہ جائے کہ اپنی خواہشات پر مبنی نتائج کے حصول کے لیے سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا ہے وزیراعلی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا اور مقامی سطح پر انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر نا ہیں انہوں نے کہا کہ انتظامی امور سے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور اس احساس کو اجاگر کرنا ہے کہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہی ہیں وزیراعلی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نو منتخب ضلعی کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین اپنے فرائض منصبی احسن انداز سے نبھائیں گے اور عوامی خدمت اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو ہی اپنا شعار سمجھیں گے اور ضلعی وسائل کو عوام کے وسیع تر مفاد میں استعمال میں لاتے ہوئے عوامی مسائل حل کریں گے وزیراعلی نے نو منتخب ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پرامن انتخابی عمل پر سکیورٹی اداروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.