دیگر ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری ہونے تک پارلیمنٹ اجلاس میں نہیں آوں گا، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد مسلم لیگ (ن)کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دیگر زیر حراست ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاجا شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے،غیر پارلیمانی اور آمرانہ رویے کے سامنے سر نہیں جھکاوں گا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اہم ترین قومی مسئلے پر طلب کئے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لئے ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنا شرمناک حرکت ہے، حکومت کی کشمیر سے یہ وابستگی ہے کہ ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے میں ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جمہوری اور قانونی حق کو بھیک بنانا کم ظرفی کی انتہا ہے، یہ کھلی ناانصافی، غیر پارلیمانی اور آمرانہ رویہ ہے جس کے سامنے سر نہیں جھکاوں گا،دیگر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں ہوں گے تو میں بھی آرڈرز قبول نہیں کروں گا۔