بلوچستان کی ترقی کیلئے ہمیشہ کی طرح خلوص دل سے کام کریں گے، صدر مملکت سے وزیراعلیٰ کی ملاقات
اسلام آباد(ویب ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے پہلے بھی خلوص دل سے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو صوبے کی معاشی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں صحت اور سماجی بہبود کی خدمات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ کی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت طبی اداروں کی فعالیت کے لئے حکومت بلوچستان کے افسران نے سندھ کا دورہ کرکے جائزہ رپورٹ اور جامع سفارشات مرتب کی ہیں ، صوبائی بجٹ میں قابل عمل منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ دستیاب وسائل کو عوام کی بہبود پر خرچ کیا جاسکے۔سرفراز بگٹی نے بتایا کہ صوبائی حکومت تمام تر فیصلے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کر رہی ہے اور حکومت کی یہی کوشش ہے کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ایک عام بلوچستانی تک پہنچ سکیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی ترقیاتی پروگرام میں مفاد عامہ سے متعلق بلوچستان کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی شمولیت برقرار رکھنے کے لئے معاونت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں سے دلی محبت اور صوبے کی ترقی کے لئے آپ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے پہلے بھی خلوص دل سے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے خواہش ہے کہ بلوچستان ترقی کے عمل میں آگے بڑھے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان صوبائی حکومت سے عوام نے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اس پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن رہنمائی اور معاونت کریں گے۔