طالبان سے مذاکرات کا آخری مرحلہ، پاک، افغان، چین سہ فریقی اجلاس (آج) ہوگا
اسلام آباد خطے میں امن کے قیام اورطالبان کے ساتھ مذاکرات کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورتی عمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا،مذاکرات میں پاک چین اقتصادی راہداری کی افغانستان تک توسیع ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان چین سہ فریقی اجلاس(آج) ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوگا، چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اورافغانستان کی جانب سے اب افغان مشیر قومی سلامتی حمداللہ محب شرکت کریں گے، افغان وفد کی قیادت پہلے افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نے کرنا تھی، وزیرخارجہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ان مذاکرات میں پاک چین اقتصادی راہداری کی افغانستان تک توسیع ایجنڈے کا حصہ ہوگی، افغان امن ومفاہمتی عمل پر سہہ فریقی مشاورت کی جائے گی۔ افغان مفاہمتی عمل پر ابتک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا۔