پاکستان دوسری ابھرتی معیشت ، بلومبرگ رپورٹ نے دنیا کو چونکا دیا
ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی ادارے بلومبرگ کی تازہ رپورٹ نے پاکستان کی معاشی سمت پر عالمی اعتماد کی تصدیق کر دی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیفالٹ رسک میں کمی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام کا بڑا ثبوت ہے۔
جون 2024 سے ستمبر 2025 تک پاکستان نے وہ شاندار معاشی کارکردگی دکھائی جو کئی بڑی ابھرتی معیشتیں حاصل نہ کر سکیں۔ کریڈٹ ڈیفالٹ سویپ (CDS) کے مطابق ملک کے دیوالیہ ہونے کے خطرات میں 2200 بیسس پوائنٹس کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی، جو پاکستان کے مالی نظم و ضبط اور پالیسی کے تسلسل کی عکاس ہے۔
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان واحد ابھرتی معیشت ہے جس نے مسلسل چار سہ ماہیوں میں مالی ساکھ میں بہتری دکھائی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان نے ترکی کے بعد دوسری بہترین کارکردگی دکھائی، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد، اسٹرکچرل ریفارمز، اور بروقت قرض ادائیگی نے پاکستانی معیشت کو نئی توانائی بخشی۔ حکومت کی مؤثر پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی، روپے کی استحکام، اور بیرونی خسارے میں نمایاں کمی ممکن ہوئی۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان اب عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مستحکم، پُرکشش اور منافع بخش منزل کے طور پر ابھر رہا ہے، اور بین الاقوامی ادارے فچ، ایس اینڈ پی، اور موڈیز نے بھی ملک کے لیے مثبت آؤٹ لک برقرار رکھا ہے۔