سیاسی کشیدگی میں اضافہ: پیپلز پارٹی کا سینیٹ سے واک آؤٹ، ن لیگ سے معافی کا مطالبہ

0 59

پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی قیادت کی جانب سے اپنی قیادت کے خلاف بیانات پر معافی نہ مانگنے پر سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ کی زیرِ صدارت اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیلاب اور قدرتی آفات کا شکار ہے، لاکھوں لوگ سندھ اور پنجاب میں متاثر ہو چکے ہیں، مگر سیاسی قیادت ایک دوسرے کو کمزور کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ “پنجاب کارڈ کھیل کر ریڈ لائن عبور کی جا رہی ہے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کے بارے میں نامناسب باتیں کی جا رہی ہیں، جو قابلِ مذمت ہیں۔” شیری رحمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے صرف اتنا کہا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے، مگر ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ “اگر ن لیگ کی قیادت نے معافی نہ مانگی تو ہمیں معمولی نہ سمجھا جائے۔” اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ارکانِ سینیٹ نے ایجنڈا کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو بطور سیاسی کارکن وہ افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بزرگ سیاست دان ہیں اور وہ یقیناً صلح جوئی کا کردار ادا کریں گے، حکومت اور اتحادی جماعتوں کو اختلاف کے بجائے اتحاد کو فروغ دینا چاہیے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.