کراچی میں سیوریج اور کچرے کا بحران، شہری اذیت میں مبتلا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) — شہر قائد میں سیوریج کے بگڑے نظام اور کچرے کے ڈھیروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ اولڈ سٹی ایریا میں جوبلی سے گارڈن جانے والی سڑک کا ایک ٹریک گندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جبکہ بہتا ہوا کچرا تعفن اور آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
متاثرہ سڑک پر آوارہ کتوں نے بسیرا کر لیا ہے جس سے راہگیروں کو خطرہ لاحق ہے۔ گندے پانی کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے ناقابلِ استعمال ہو چکی ہے۔
یہ شاہراہ سول اسپتال، ایس آئی یو ٹی اور جوبلی مارکیٹ جانے والے شہریوں کے لیے مرکزی راستہ ہے، مگر متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث یہاں مسلسل بدبو اور گندگی کا راج ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دو سال سے زائد عرصے سے یہ مسئلہ برقرار ہے، شکایات کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی میں مچھروں کی افزائش سے ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے حکومتِ سندھ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی اور نکاسیِ آب کا نظام فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ سڑک کو دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔