وفاقی حکومت کے اقدامات سے معیشت بہتر ہوئی ،جمال شاہ کاکڑ
)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے بلوم برگ کی جانب سے پاکستان کی معیشت کے بارے میں جاری کی گئی مثبت رپورٹ موجودہ وفاقی حکومت کی درست سمت اور پالیسیوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی، مالی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جو اقدامات کیے، ان کے نتائج اب عالمی سطح پر تسلیم کیے جا رہے ہیں۔جمال شاہ کاکڑ نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں مہنگائی میں کمی، روپے کے استحکام اور توانائی، زراعت، صنعتی شعبے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے استحکام کی جانب گامزن ہونے کا اعتراف حکومت کی شفاف حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ عوامی ریلیف، نوجوانوں کے روزگار، اور کاروباری طبقے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دی، جس سے پاکستان دوبارہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بھی ترقی کے لیے وفاقی سطح پر خصوصی پیکجز اور منصوبے جاری ہیں، جن سے روزگار اور کاروباری مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام برقرار رکھتے ہوئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔