سنگا کپ: لیاری فٹبال اکیڈمی نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، انڈونیشیا کو شکست
سنگا کپ: لیاری فٹبال اکیڈمی نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، انڈونیشیا کو شکست
سنگاپور: لیاری فٹبال اکیڈمی نے اپنے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنگا کپ 2025 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایشیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ کے بوائز انڈر 16 ایونٹ میں اکیڈمی کی ٹیم نے فائنل فور میں رسائی حاصل کی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، لیاری فٹبال اکیڈمی نے کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی معروف ٹیم سیمین پادانگ ایف سی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ میچ کا مقررہ وقت 0-0 سے برابر رہا، تاہم پنالٹی شوٹ آؤٹ کے بعد لیاری فٹبال اکیڈمی نے 2-3 سے فتح حاصل کی۔ اس فتح میں گول کیپر کاشف کا اہم کردار رہا، جنہوں نے ایک یقینی گول بچا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
اس سے قبل، لیاری فٹبال اکیڈمی نے آسٹریلیا کی ٹیم اوشن ریف ایس ایچ ایس کو 0-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اکیڈمی کے سکواڈ کی قیادت صدر شیخ عبدالرحمن کر رہے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں انڈر 8، انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کے ایونٹس میں 13 ممالک کی 160 ٹیمیں شریک ہیں، اور یہ ایڈیشن 9 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس سال پہلی مرتبہ پیرا فٹبال کے مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں۔