دہشتگردوں کیلئے لانگ مارچ کرنیوالے عوام کے خیر خواہ نہیں ،جان اچکزئی
وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیلئے لانگ مارچ عوام کی خیر خواہی نہیں، لانگ مارچ کی دھمکی دینے والے کبھی نہتے مزدروں، محنت کشوں کے قتل پر کیوں نہیں نکلے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا ہے کہ تربت میں جس شخص کیلئے دھرنا دیا گیا اس نے از خود 11 دہشتگرد حملوں کا اعتراف کیا ہے، تربت میں مارے جانے والے شخص کی قبر پر کس کالعدم تنظیم کے جھنڈے بنائے گئے، یہی تو اس کے دہشتگرد ہونے کا ثبوت ہے، تربت میں مارا جانے والا شخص قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوا، لواحقین کے مطالبہ پر تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔جان اچکزئی نے کہا کہ تربت دھرنے کو پاکستان مخالف قوتوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، پاکستان کو بدنام کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، ریاست عوام کی خیر خواہی، خوشحالی اور ترقی کیلئے پرعزم ہے، ریاست دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو برداشت نہیں کرے گی چاہے یہ گروہ جتنی بھی ہمدردی پیدا کرنا چاہیں، بلوچستان کو آگے بڑھنا ہے اور اسے انتہا پسندی، بنیاد پرستی اور تشدد سے پاک کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردوں کیلئے مارچ کرنے والوں کو دہشتگردوں کا سہولت کار سمجھا جائے گا، دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا