سعودی عرب نے 3ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں تیسری مرتبہ توسیع کردی
سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں تیسری بار ایک سال کی توسیع کر دی۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب کے 5 دسمبر 2024 کو میچور ہونیوالے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی معیاد آج ختم ہو رہی تھی۔بیرونی قرضوں میں توسیع کے حوالے سے یہ پہلی پیش رفت ہے، جس کی آئندہ سال جون تک سعودی عرب، یو اے ای اور چین کو 13ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی سے بچنے کیلئے پاکستان کو ضرورت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مزید 2 ارب ڈالرکا سعودی ڈپازٹ آئندہ سال جون میں میچور ہو رہا ہے، واپسی پاکستان کیلئے ممکن نہیں، اس لئے توسیع کی کوشش ہو گی۔متحدہ عرب امارات کا تین ارب ڈالر قرض بھی جلد میچور ہو رہا ہے، آئندہ چھ ماہ میں پاکستان نے چین کو تقریباً 8 ارب ڈالر ادا کرنا ہیں جس میں کیش ڈیپازٹ شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف دونوں ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے قرضوں کی معیاد میں توسیع کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، تاہم یہ پالیسی صرف چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک محدود ہے۔