بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن ایک متحد ہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو محرومیوں، پسماندگی ،ظلم وجبر سے باہر نکالیں ،لشکری رئیسانی

0 156

سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گوادر اور مکران کے سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد بلوچستان کے عام سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے،بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن ایک متحد ہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو محرومیوں، پسماندگی ،ظلم وجبر سے باہر نکالیں ۔یہ بات انہوںنے ہفتے کے روزوفد کے ہمراہ اسیر بلوچ سیاسی رہنماءواجہ حسین واڈیلہ ، عبدالحفیظ کیازئی،شریف میا داد،یعقوب جوسکی، وسیم صمدسمیت دیگر سیاسی کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد ، سید اختر شاہ کھرل، ظاہر خان دومڑ، میر بجار میروانی ،

رحیم ترین، دین محمدرئیسانی ودیگرشامل تھے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے واجہ حسین واڈیلہ اور ان کے گرفتار سیاسی رہنماﺅں و کارکنوں کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ ایک ایسے عہد میں جہاں نام نہاد سیاسی کارکن اور سیاسی مخبر سیاست کے نام پر ٹھیکیداری اور کمیشن خوری میں مصروف ہیںوہاں مکران اور گوادر کے سیاسی کارکنوںنے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی نئی مثال قائم کی ہے ان کی جدوجہد بلوچستان کے عام سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ مکران اور گوادر کے سیاسی کارکنوں نے مصائب مشکلات اور تکالیف برداشت کرکے صوبے کو سیاسی مایوسی سے نکالنے

کی راہ متعین کی ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں، انہوں نے کہاکہ بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن متحدہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو محرومیوں، پسماندگی ،ظلم وجبر سے باہر نکالیں اگر بلوچستان کے سیاسی کارکن عوامی جدوجہد کو لیکر آگے نہیں بڑھے تو جیسے سیاسی مخبروں نے ریکوڈک اور گوادر کو فروخت کیا، صوبے کا بچا کھچا اختیار اور وسائل بھی فروخت کرکے بلوچستان کو دائمی غلامی اور محکومی کے گڑھے میں دھکیل دیں گے اور ہماری آئندہ نسلیں جو ترقی اور خوشحالی کا خواب دیکھ رہی ہیں اس سے بھی محروم ہوجائیں گے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.