وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان عوامی ترقی وخوشحالی کا سبب بنے گا ،جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے بلوچستان دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔جمال شاہ کاکڑ کے مطابق وزیر اعظم کے دورے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی تعمیر اور دانش اسکولز کے منصوبے کے ذریعے مواصلات اور تعلیم کے شعبے میں نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دانش اسکول کا افتتاح مستحق بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرے گا اور یہ منصوبہ مسلم لیگ (ن)کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ جمال شاہ کاکڑ نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور اعتماد کا سبب بنے گا، جبکہ سڑکوں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے منصوبے وفاقی حکومت کی اس سوچ کی نمائندگی کرتے ہیں کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بغیر ملک کی مجموعی ترقی ممکن نہیں