انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اس فرض کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،قائم لاشاری
پشین ( این این آئی) ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے کہا کہ رفاعی اور سماجی سرگرمیوں میںحصہ لینا عین عبادت ہے انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اس فرض کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے جو لوگ مخلصانہ طور پر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں انہیں زمانہ بھی ہمیشہ یاد رکھتا ہے یہ بات انہوں نے پشین کے ضلعی اسمبلی ہال میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کی تعاون سے غرباء اور مستحقین میں امدادی سامان کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئی کہی ۔تقریب سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد ایوب اچکزئی، چیئرمین مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے رہنما ملک نعیم، انجمن تاجران کے ضلعی صدر ملک اشرف ترین اور نصیب اللہ آغا نے بھی کیا مقررین نے 100سے زائد مستحقین میں کمبل اور کپڑے تقسیم کئے ۔ ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کے عوام بلند حوصلے کے ساتھ اخوت اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا عملی مظاہرہ کریں انہوں نے کہاکہ فلاحی اقدامات سے باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کی راہ ہموار ہوتی ہے خدمت خلق فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈ انٹرنیشنل بلا تفریق انسانیت کی خدمت کررہی ہے ضلعی انتظامیہ بھی غریب، مستحقین اور حالیہ متاثرین برفباری کو ریلیف فراہم کررہی ہے غرباء اور مستحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہا کہ پشین کی تعمیر و ترقی کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد ایوب اچکزئی نے کہا کہ مذکورہ فلاحی تنظیموں نے موسم سرما کے اس سرد ترین موسم میں متاثرین کی دل جوئی کی ہے متاثرین برفباری نے انتظامیہ کو اپنے درمیان پاکر کافی خوشی محسوس کی انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے معاشرتی رویوں میں بھی مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے ایسی فلاحی سرگرمیوں کیلئے ضلعی انتظامیہ بھر پور معاونت فراہم کرے گی ۔ فلاحی تنظیم کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر ایک مخلص اور انسان دوست شخصیت ہے انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع کی طرح پشین میں بہت سے فلاحی اور رفاعی اداروں اور کاموں کی بنیاد رکھی یہی وجہ ہے کہ ان کا نام انکی خدمت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ میں زندہ ہے غرباء کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کی خدمات لائق تحسین ہے جبکہ ڈسٹرکٹ پشین کے قیام امن میں ضلعی انتظامیہ کا کردار کلیدی ہے۔ تقریب سے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رہنماؤں ملک نعیم اور نصیب اللہ آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی ادارہ بلا امتیاز رنگ و نسل اپنا کام کررہا ہے تاہم یہ فلاحی ادارہ خدا کی خوشنودی کیلئے اپنا کام کرتا رہے گا ہماری تمام ہمدردیاں غرباء اور مساکین کے ساتھ ہے ۔مقررین نے غریب اور مستحقین افراد کی امداد کرنے پر خدمت خلق فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری کو خصوصی میڈل اور شیلڈ سے نوازا گیا۔ آخر میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے حسن کارکردگی کی بناء پر ایس پی محمد ایوب اچکزئی نے قبائلی رہنما ملک سعداللہ ترین ، ڈاکٹر عربستان ،محب ترین جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل فہیم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر اقبال، ملک نعیم اور دیگر میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔