ترقی کی راہیں کھولنے کیلئے تندہی سے کام کرنا ہوگا ، ڈی جی نادرا محمد کاشف اقبال
پشین (سمیع ترین) ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال نے منگل کے روز پشین نادرا ریجنل آفس کا اچانک دورہ کیا ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پشین نادرا نے ڈی جی محمد کاشف اقبال کو ریجنل آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف اقبال نے کہا کہ ادارہ محدود وسائل میں رہ کر ریجنل دفاتر میں اپنے ملازمین اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ریجنل آفس میں کام سست روی کا شکار ہے بہت جلد یو پی ایس ، جنریٹر اور سولر نظام کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا انہوں نے عوامی رش دیکھ کر موقع پر نیا کاؤنٹر بنا کر مزید تین ڈیٹا انٹری اپریٹرز کو کوئٹہ سے پشین طلب کر لیا جبکہ نادرا منتظمین کو ریجنل آفس میں گرمی سے بچاؤ کے لیے پنکوں کی تنصیبات اور بیٹھنے کے لیے بینچز سمیت پانی کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ خواتین کے لیے اگلے مالی سال کے دوران پشین کے لیے الگ خواتین نادرا سینٹر کا قیام عمل میں لانے کیلئے اقدامات کریں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف اقبال نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پورے بلوچستان کے نادرا دفاتر کا دورہ کروں ، ہر ملازم اور عوام کو مل کر ان کے مسائل سنوں انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا ہر ملازم نادرا کا سرمایہ ہے ، ترقی کی راہیں کھولنے کیلئے تندہی سے کام کرنا ہوگا ، بدعنوان عناصر کو قوائد و ضوابط کے مطابق سزا دی جائے گی، قومی ادارے میں ناقص کارکردگی بدعنوانی اور کرپشن کرنے والے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ڈی جی نادرا محمد کاشف اقبال نے دورہ کے موقع پر سائلین سے مسائل بھی دریافت کئے اور ان کے فوری ازالہ کے لئے ہدایات جاری کیں۔