ایلون مسک کی پارٹی مذاق ہے،ٹرمپ کا سیاسی دھماکہ

0 98

ایلون مسک کی پارٹی مذاق ہے،ٹرمپ کا سیاسی دھماکہ

نیویارک – امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی جانب سے نئی سیاسی جماعت “امریکا پارٹی” کے قیام کے اعلان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “مضحکہ خیز” اور “غیر ضروری” قرار دے دیا۔

حال ہی میں ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” کے بانی ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت تشکیل دے رہے ہیں، جس کا مقصد امریکیوں کو ان کی “آزادی واپس دلانا” ہے۔ ایلون نے دعویٰ کیا کہ موجودہ سیاسی نظام ناکام ہو چکا ہے اور ان کی جماعت اس خلا کو پُر کرے گی۔

تاہم اتوار کے روز نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے مسک کی تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا، “میری نظر میں تیسری پارٹی بنانا محض وقت کا ضیاع ہے۔ یہ امریکی سیاست میں الجھن پیدا کرے گا۔ اگر ایلون کرنا چاہیں تو کریں، لیکن میرے خیال میں اس کی کوئی ضرورت نہیں۔”

ٹرمپ نے اسی موقع پر بین الاقوامی معاملات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حماس کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو رہی ہے اور رواں ہفتے یرغمالیوں کی رہائی کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ایران کے ساتھ ایک طویل المدتی معاہدے پر تبادلہ خیال کے خواہاں ہیں۔

سابق صدر نے مزید بتایا کہ وہ جمعہ کو سیلاب زدہ ریاست ٹیکساس کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ متاثرین سے ملاقات کر سکیں اور ان کی داد رسی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک ماضی میں ٹرمپ کے قریبی حامی تصور کیے جاتے تھے۔ انہیں ٹرمپ انتظامیہ میں محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اختلافات کے باعث انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.