پاک بحریہ کی جانب سے مظفرآباد میں کرکٹ میچ کا انعقاد
پاک بحریہ نے آزاد جموں و کشمیر اور پاک بحریہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان نارول کرکٹ اسٹیڈیم مظفر آباد میں دوستانہ ٹی 20 کرکٹ میچ کا انعقاد کیا۔ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایس) ، ریئر ایڈمرل طارق علی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کرکٹ میچ کو آزاد جموں اور کشمیر کی حکومت کے اہم عہدیداروں ، سول معززین اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی دیکھا۔
کشمیری عوام نے پاک بحریہ کی جانب سے کرکٹ میچ کے انعقاد کو نہ صرف سراہا بلکہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ سماجی روابط کے فروغ اور صحت مندانہ سرگرمی کے طور پر منعقد کرنے کے اقدام کا زبردست خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، مہمان خصوصی نے کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کے لیے پاک بحریہ کی مسلسل اور جائز جدوجہد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحد کے تحفظ اور اپنے ہم وطنوں کے لیے ملک بھر میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں مسلسل معیاری معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ نے کشمیر کے دور دراز علاقوں میں مفت طبی کیمپ بھی لگائے ہیں اور 3000 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کی ہیں۔
پاک بحریہ کی جانب سے آزاد کشمیر میں دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد ہمارے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب مائل کرنے کی کوشش اور عزم کا مظہر ہے۔