ختم نبوت کی تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،قادر لونی
کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے سینئر نائب امیر بلوچستان کے امیر مولنا عبدالقادر لونی ،مرکزی سیکرٹری مولنا قاری مہراللہ ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبیداللہ حقانی ،مولنا خیرمحمد خیرخواہ ودیگر تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے اقوال، اعمال، احوال، اخلاق اور اسوہ حسنہ کی متابعت اور پیروی میں انسانیت کی کامیابی ہے ایمان کے وجود، اعمال کی قبولیت اور قربِ الہی کا انحصار اسی تعلق کی مضبوطی پر استوار ہے۔ نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ میں زندگی کے ہر پہلو کے لیے رہنمائی موجود ہے معاشرتی اور انفرادی اصلاح کا درس دیا ہیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے ہمیں بنیادی انسانی صفات پر قائم رہنے، حیوانوں سے ممتاز زندگی گزارنے اور بلند ترین اخلاقی صفات اپنے اندر پیدا کرنے کی تعلیم دی ہیں انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے انسانی زندگی میں انسانیت کی روح پھونک دی۔ اور ایسا معاشرہ تشکیل دیا جو آج تک انسانیت کے لیے مثال بن چکی ہے انہوں نےکہا کہ ربیع الاول کا مہینہ میں اللہ تعالی نے بالخصوص انسان پر اور بالعموم پوری کائنات پر احسان فرمایا اللہ تعالی نے اپنے محبوب، رحم للعالمین، خیرالخلق اور اشرف الناس کو عالم دنیا میں مبعوث فرماکر کیا ہے۔ چودہ سو برس پہلے دنیا پر جو ظلمت چھا گئی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے آنے سے کائنات کی ہر ذرہ ذرہ پر نور برسنے لگا ربیع الاول تجدید عہد وفا و سنت کا پیام دیتی ہے اور اسی میں اقوام عالم کی کامیابیوں اور کامرانیوں کا راز مضمر ہے۔تعلق باللہ کے بعد دوسرا مقصد ربطِ رسالت ہے۔ تعلق باللہ اور ایمان و عرفان میں بلندی درجات کے لیے طاعت رسول ﷺ ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ختم نبوت کی تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور قادینیت فتنہ کی سرکوبی کے لیے ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور اپنی زندگی کے ہر عمل میں طریق نبوی کو اختیار کرینگی عقائد، عبادات، معاملات، اخلاق اور معاشرت میں اپنے آپ کو سنت کے سانچے میں ڈھال دیں گی حضور ﷺ کی ختم نبوت کا تحفظ ایمان کا حصہ ہے۔