کوئٹہ ٹو جدہ براہ راست پرواز دوبارہ شروع کی جائے ،گورنر بلوچستان
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے گورنر ہاو¿س کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک اور صوبہ کی تازہ ترین صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی پرائم منسٹر اسحٰق ڈار ،،وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،وفاقی وزراء عبد العلیم خان، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، سینیٹر عبدالقادر، رکن بلوچستان صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل اور عبدالولی خان مندوخیل بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے N25 کراچی تا چمن قومی شاہراہ کا افتتاح کرنے پر وزیراعظم پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جس سے خطے کو اہم اقتصادی اور زرعی فوائد حاصل ہوں گے۔ یہ اسٹریٹجک ہائی وے ملک کے سب سے بڑے بندرگاہی شہر کراچی کو سرحدی شہر چمن سے جوڑتی ہے جو سینٹرل ایشیا تک راستہ فراہم کر سکتی ہے اور توقع ہے کہ اس سے تجارت، زراعت اور علاقائی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ ٹو جدہ براہ راست فلائٹ دوبارہ شروع کیا جائے اور انہوں نے کوئٹہ، ژوب اور اسلام آباد ایکسپریس وے کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ یہ مجوزہ ایکسپریس وے نہ صرف مسافروں کیلئے ایک محفوظ اور موثر راستہ فراہم کریگا بلکہ اقتصادی مواقعوں میں بھی اضافہ کریگا اور قومی یکجہتی کو فروغ دیگا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی توجہ ایک اور اہم مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور وغیرہ کیلئے پی آئی اے کے کرایے ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہیں جو بلوچستان کے مسافروں پر بہت بڑا مالی بوجھ ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کرایوں میں کمی اور پی آئی اے کی روزانہ پروازوں کی تعداد بڑھائی جائے