تنگی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے ، دو جوان شہید
راولپنڈی (ویب ڈیسک)بلوچستان میں مشکئی کے علاقے سنگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دور ان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، دوجوان شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اپریل کی درمیانی رات بلوچستان میں مشکئی کے علاقے سنگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اہلکاروں کی علاقے میں ناکہ بندی کے دوران دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، دہشت گردوں نے
سیکورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کردی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد مارے گئے، یہ دہشت گرد ضلع آواران اور گردونواح میں مختلف واقعات میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کےلئے استعمال کرنا تھا۔آپریشن کے دوران وطن کے دو جانباز سپوت لانس حوالدار راج ولی خان اور سپاہی اسامہ خان شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
[…] آواران بلوچستان میں دہشت گردوں کا فورسز کی چوکی پر حملہ، میجر شہید […]