جہاں سیلاب سے نقصان پہنچا ہے ان کی ہر ممکن مدد کی جائیگی، مولانا کمال الدین
پشین(خ ن)رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین اور رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین نے کہا ہے کہ ہم طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد اور علاقوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جہاں بارشوں اور سیلاب سے نقصان پہنچا ہے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر ظفرعلی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر اعجازسرور، ضلعی انتظامی حکام، ایریگیشن اور پی ڈی ایم اے ٹیم کے ہمراہ پشین میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں ملکیار، شخالزئی، کمالزئی، دامان، حمیدآباد منزکی، ڈب خانزئی اور ملحقہ علاقوں کا دورے کے دوران متاثرین سے بات چیت کے دوران کیا، اس دوران انہوں نے شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں تباہ کاریوں کاجائزہ لیااور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متاثرین سے گفتگوکرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی صورت انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب متاثرین کی فوری بحالی اور نقصانات کے ازالہ کیلئے پر عزم ہے،اور تمام متاثرین کی دادرسی کیلئے تمام دستیاب وسائیل بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین کی مشکلات سے آگاہ ہیں، متاثرین کی نقصانات کا ہرممکن ازالہ کرنے کی کوشش کرینگے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے اورایسے آفات سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیرکا ہی سہارا لیا جاسکتاہے اور مضبوط حفاظتی بند ایسے آفات کو روکنے کیلئے بڑی حد تک کارآمدثابت ہوسکتے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ ایریگیشن کے توسط سے مضبوط حفاظتی بندتعمیرکرائینگے تاکہ مستقبل میں ایسی قدرتی آفات سے بچاجاسکے۔رکن صوبائی اسمبلی حاجی اصغرخان ترین کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے تبابی نے یمارے عوام کو انکے واحدزریعہ معاش زراعت اور انکے مال مویشیوں سے محروم کردیا اور اب انکے پاس زریعہ معاش کا کوئی متبادل زریعہ نہیں بچا اس کے ساتھ ساتھ سیلاب نے لوگوں کو انکے مکانات سے محروم کردیا ہے اور اب وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ پشین کو آفت زدہ قراردیں اور متاثرین کی نقصانات کا ازالہ کریں تاکہ انکی مشکلات میں کمی لایا جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پشین کے متعدد علاقے طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں کھڑی فصلیں ، رابطہ پل اور رابطہ سڑکوں کے ساتھ رہائشی مکانات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوششوں سے صوبائی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہےکہ ضلع بھر میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات تخمینہ لگایا جائے تاکہ عوام علاقہ کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جاسکے جبکہ علاقے میں رابطہ سڑکوں اور بجلی کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں مزید کہاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر خوراک،ادویات اور دیگر امدادی اشیا پہنچائی جائیں۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے رکن اصغرخان ترین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متاثرین بحالی اور نقصانات کے ازالے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام متاثرہ افراد اور علاقوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جہاں بارشوں اور سیلاب سے نقصان پہنچا ہے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی محمدشہی نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں جہاں ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھارہی ہے وہاں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکموں کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ اسکے علاوہ محکمہ ایریگیشن کے آفیسران اور سٹاف کو بر وقت اطلاع دینے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کی بدولت بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔