کراچی کی معروف ماہر جسمانی بحالی ڈاکٹر نبیلہ سومرو کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کراچی کی معروف ماہر جسمانی بحالی اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن اینڈ فزیکل ری ہیبلیٹیشن کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر نبیلہ سومرو نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سنٹر کے زنانہ و مردانہ وارڈز، او پی ڈی، کلب فٹ کلینک، آٹزم سپیکٹرم سیکشن اور آرتھوٹکس مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سنٹر کے چیئرمین اور سابق سیکرٹری محکمہ خزانہ ضیاء الرحمان، چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس اور ڈائریکٹر ری ہیب ڈاکٹر عامر زیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر نبیلہ سومرو نے سنٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے افراد باہم معذوری کی بحالی اور علاج کے حوالے سے پاکستان کا ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سنٹر کی جانب سے حرام مغز کی چوٹ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے علاوہ، مریضوں کے لیے مقامی سطح پر تیار کی گئی کسٹمائزڈ وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات ایک متاثر کن خصوصیت ہیں، جس کی حوصلہ افزائی قومی سطح پر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے تمام طبی اداروں میں بیرون ملک سے وہیل چیئرز درآمد کرنے کے بجائے سنٹر کی تیارکردہ مصنوعات کا استعمال مقامی صنعت کو فروغ دے گا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور اعتراف کیا کہ سندھ میں افراد باہم معذوری کی بحالی کو میڈیکل ایجوکیشن کا حصہ بنانے کے سلسلے میں ڈاکٹر نبیلہ سومرو کی خدمات قابل ستائش ہیں۔