چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ترکمانستان کے سفیر اتاجان نورلی ویکخ مولا موف کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ترکمانستان کے سفیر اتاجان نورلی ویکخ مولا موف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایک بیان میں چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی میں ترکمانستان پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ دوطرفہ تجارت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان ترکمانستان مشترکہ حکومتی کمیشن کا اجلاس جلد طلب کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے تجویز نے دی کہ تجارت، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کیلئے معاونتی پلیٹ فارمز کو مزید موثر بنایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ گوادر، ترکمانستان اور دوسری وسطی ایشیائی ممالک کیلئے جلد رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان فضائی رابطوں کی بحالی اچھا اقدام ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ترکمانستان پاکستان کی ایوی ایشن پالیسی سے استفادہ کر سکتا ہے۔ ملاقات میں اعلیٰ سطح ادارہ جاتی تعاون اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پارلیمانی سطح پر پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر تعاون ایک دوسرے پر باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی اور سفارتی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی مجلس کی صدر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔