کرپشن زدہ نظام وراثت میں ملا جسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،قاسم خان سوری
کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کرپشن زدہ نظام وراثت میں ملا جسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، بڑھتی ہوئی مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائیگا، تندور مالکان کو آٹے کی فراہمی کے لئے کارڈ کا اجراء کیا جائیگا وزیراعظم ملک اور بلوچستان کی ترقی کا ویژن لیکر آئے ہیں ، حکومت نہتے اورمعصوم کشمیریوں کی آواز بنی ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا، یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں بارشوں اور برفباری سے متاثر ہ خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ویژن اور سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں حکومت بلوچستان میں گیس،پانی،بجلی روزگار سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے،عمران خان کو کرپشن زدہ نظام ورثے ملا جسے ٹھیک کرنے کوشش جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائے گا،یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے عوام کی مدد کی جائے گی،یوٹیلٹی اسٹورز سے غریب عوام کو سستی اشیا مہیا ہونگی،حکومت نے تندورمالکان کو آٹے کی خریداری کے لئے کارڈزجاری کا فیصلہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدررجب طیب اردوان 14 فروری کو پاکستان کا تاریخی دورہ اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے،طیب اردوان کی پاکستان آمد پر تاریخی استقبال اور تاریخی معاہدے ہونگے جن سے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نہتے کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا میں اٹھائی،کشمیری بہن بھائیوں کو انکی قربانیوں پر سلام پیش کرتا ہوں،پاکستان ہر محاذ پر کشمیرکے ساتھ ہے اوررہے گا،مودی کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوگیا،مودی سرکار نے کشمیر میں مسلمانوں کی شہریت ختم کرکے مسلمانوں کا جینا حرام کردیا ہے،کشمیر کی جدجہد میں خاموش نہیں بیٹھیں گے،کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔