بلوچستان میں ناول کرونا وائرس سے بچائو کیلئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکمے متحرک رہیں،کیپٹن(ر) فضیل اصغر
کوئٹہ (این این آئی) چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ناول کرونا وائرس سے بچائو کے لئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکمے متحرک رہیں ، صوبے میں آئی سولیشن وارڈز کی جگہ آئی سولیشن رومز قائم کئے جائیں ، سرحدی علاقوں اور ایئر پورٹس پر آمد و رفت کرنے والوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے ، یہ بات انہوں اتوار کو ناول کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر سیکرٹری صحت بلوچستان مدثر وحید ، ڈائر یکٹرجنرل صحت ڈاکٹر شاکر بلوچ، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) فضیل اصغر نے کہا کہ بلوچستان میں کرونا وائر سے بچائو کے لئے مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،صوبے بھر میں ایئر پورٹس اور سرحدی علاقوں میں آنے جانے والوں کی اسکریننگ کی جائے جبکہ آئی سولیشن وارڈز کی جگہ آئی سو لیشن رومز قائم کئے جائیں تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، انہوں نے کہا کہ کرونا وائر س کی تشخیص اور بچائوکے لئے جو بھی آلات درکار ہیں انہیں جلد از جلد دستیاب کیا جائے محکمہ صحت کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اضافی فنڈز کی ضرورت پڑی تو وہ بھی دینے کے لئے تیار ہیں انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طو ر پرتیار رہیں ،قبل ازیں سیکرٹری صحت بلوچستان مدثر وحید نے چیف سیکرٹری کو کرونا وائرس سے بچائو کے لئے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں تین مختلف مقامات پر کام کرنے والے 1200کے قریب چینی باشندے موجود ہیں جن میں سے بیشتر ایسے ہیں جو گزشتہ دو ماہ کے عرصے سے چین نہیں گئے البتہ تمام لوگوں کی اسکریننگ کی گئی ہے صوبے کے تین ایئر پورٹس اور سرحدی علاقوں میں مسافروں کی اسکریننگ جاری ہے محکمہ صحت کی ترجیح ہے کہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے جس کے لئے تشہیری مہم بھی جاری ہے ۔