کارِ سرکار
گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔ تحصیل پیر آباد ایک زرخیز علاقہ ہے بیشتر لوگوں کا پیشہ کھیتی باڑی ہے یہاں قیام کرنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد چوہدری پیرل کے مزراع اور برزہ کار(بزرگر) ہیں لیکن تعلیمی لحاظ سے پسماندہ اور دیگر سہولیات ناکافی ہیں. جب حسن علی نے خاوند بخش سے تحصیل پیر آباد کے متعلق دریافت کیا تو خاوند بخش نے کچھ اس طرح سے نقشہ کھینچا. اب حسن علی کی توجہ کا مرکز تحصیل پیر آباد بن چکا. کیونکہ یہ تحصیل تعلیمی لحاظ سے پسماندہ تھی. اپنے پروگرام کے مطابق ایک دن حسن علی نے متعلقہ تحصیل کے ڈی ڈی او اور خاوند بخش کے ہمراہ تحصیل پیر آباد کا رخ کیا . دورے کا بنیادی مقصد اس پسماندہ تحصیل کے نان فنکشنل سکولز کو فنکشنل کرنا اور تعلیمی مسائل کو فوری طور حل کرنا تھا. گاڑی کچے راستے پہ چل رہی تھی روڈ خستہ حالت میں تھا. کوئی ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت کے بعد وہ تحصیل پیر آباد کی حد میں داخل ہو چکے تھے.ہر طرف سبزہ ہی سبزہ تھا فضا میں معطر بھینی بھینی خوشبو نے حسن علی کو اپنے گاو ¿ں کی یاد دلا دی. سب یادوں نے یکبارگی یورش کردی.گاو ¿ں کی ایک ایک پگڈنڈی گلی کوچے اور چوراہے یاد آنے لگے.ہرے بھرے نبولیوں سے لدے پھدے نیم کی چھاو ¿ں سنگھاڑوں سے بھرے تالاب گلے سے پھسلتا مخمل فالودہ گرمیوں کی دوپہر میں جامن کے گھنے پتوں میں گرگٹ کی لپلپاتی مہین زبان بیٹھکوں میں بیٹھے بزرگوں کی گپیں گلی میں گلی ڈنڈا کھیلتے بچے کنویں سے گھڑے بھرتی عورتیں گھروں سے نکلتا بھیڑوں اور بکریوں کا جھنڈ برگد کے درختوں کے تلے بیٹھے دھوتی پہنے کسانوں کا ٹولہ جو منہ میں حقہ لگائے کچہری کرتے. اس منظرنے گویا بچپن لوٹا دیا.حسن علی ان یادوں میں گم سم گاڑی ڈرائیو کرتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا اور پیچھے بیٹھا خاوند بخش ان راستے میں آنے والے علاقوں کے متعلق بتا رہا تھا.چوہدری پیرل اس سے بے خبر تھا کہ حسن علی ان کے علاقے پہنچ چکا ہے اگر اسے کچھ دیر پہلے گوش گزار کیا جاتا تو کم از کم وہ سکولز میں پڑا اناج تو نکلواتا. گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول فیروز خان دو کمروں پہ مشتمل عمارت حال ہی میں تعمیر کی گئی تھی یہ تحصیل کا پہلا سکول تھا جو حسن علی وزٹ کر رہا تھا جب حسن علی ڈی ڈی او اور خاوند بخش کے ہمراہ سکول کے احاطے میں داخل ہوا تو دنگ رہ گیا سکول ویران اور سکول میں جانوروں کا چارہ پڑا ہوا تھا البتہ جانور موجود نہ تھے.. یہ سکول چوہدری پیرل کے بیٹے فیروز خان کے نام پہ تھا جسے چوہدری نے باڑہ بنا رکھا تھا.حسن علی نے ایک نظر فائل پہ ڈالی جس میں پرائمری سکولز کا ڈیٹا درج تھا.گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول فیروز خان تعداد طلبا=50 تعداد ٹیچر=01 معلم کانام=میرگل خان میر گل خان چوہدری پیرل کا بھانجا ہے خاوند بخش نے کہا.(جاری)