بھارتی فضائیہ کی نااہلی بے نقاب، فرانسیسی اخبار نے پول کھول دیا
بھارتی فضائیہ کی نااہلی بے نقاب، فرانسیسی اخبار نے پول کھول دیا
پیرس/اسلام آباد: فرانس کے معتبر اخبار لی مونڈے نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے فضائی حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کی کمزوریاں بے نقاب کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ نہ صرف عملی کارکردگی میں ناکام رہی بلکہ جدید لڑاکا طیاروں کی تباہی نے اس کی پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی قابلیت پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں میں رافیل بھی شامل ہے، جس کی تصدیق بھارتی سکیورٹی ذرائع نے فرانس کی خبر رساں ایجنسی کو فراہم کی۔ بھارت نے اس نقصان کو چھپانے کی کوشش کی، تاہم اب کم از کم تین لڑاکا طیاروں کے نقصان کو تسلیم کیا جا چکا ہے۔
لی مونڈے کے مطابق، بھارت نے 2016 میں 36 رافیل طیارے 8 ارب یورو میں حاصل کیے تھے، مگر دسمبر 2024 میں بھارتی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے فضائیہ کے تربیتی نظام اور تکنیکی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستانی فضائیہ کو گزشتہ 15 سال سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے باعث جنگی تجربے میں برتری حاصل ہے، اور اس کے پاس جدید چینی اور فرانسیسی ساختہ طیارے موجود ہیں، جو بھارتی فضائیہ کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوئے۔
فرانسیسی اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت نے ملکی میڈیا کو طیاروں کی تباہی کی خبریں دبانے پر مجبور کیا، تاکہ عوامی ردعمل سے بچا جا سکے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کی دفاعی ناکامی اور مودی حکومت کی ناکام پالیسیوں کو بے نقاب کرنا بین الاقوامی میڈیا کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو بھارت کے جنگی عزائم کی حقیقت دنیا کے سامنے لاتی ہے۔