بوکھلاہٹ میں بھارتی فوج کی فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، درجنوں پوسٹیں تباہ
شکست خوردہ اور بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ کے علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں 5 بے گناہ شہری شہید اور 7 زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج کو ایل او سی پر پے در پے شکستوں کے بعد بدحواسی میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال شروع کرنا پڑا، جس کا پاک فوج نے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا۔
جوابی کارروائی میں پاک فوج نے دشمن کی کئی اہم چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دیں۔ کیلر سیکٹر میں “ڈوبہ مور پوسٹ”، بٹالین ہیڈکوارٹر “سوجی” اور پیر کانتھی سیکٹر میں “جبار” اور “ترکھیاں کمپلیکس” کو ملیا میٹ کر دیا گیا۔ ان حملوں میں دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
مزید کارروائی میں حاجی پیر سیکٹر میں “رِنگ کنٹوئر” اور “جھنڈا زیارت پوسٹ”، جبکہ پوکران اور بگھسر کے مقام پر “مارٹر پوسٹ” کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ کیلر سیکٹر میں “مہیری پوسٹ” اور “خالصہ ٹاپ”، اور رکھ چکری سیکٹر میں “دنا ٹاپ” اور “ماؤنڈ پوسٹ” بھی پاک فوج کے نشانے پر آئیں۔
پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے متعدد ہیڈکوارٹرز، بشمول نانگا ٹک بٹالین ہیڈکوارٹر کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق، لائن آف کنٹرول پر اب تک بھارتی فوج کی درجنوں چیک پوسٹیں تباہ کی جا چکی ہیں اور دشمن کو ہر محاذ پر پسپائی کا سامنا ہے۔