پی ایس ایل 10 غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی، قومی سلامتی اولین ترجیح قرار
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ آٹھ میچز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے، جہاں بھارت کی جانب سے ڈرونز کی دراندازی اور میزائل حملوں میں تیزی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میچز کی منسوخی وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کی گئی، تاکہ قومی توجہ افواجِ پاکستان اور ملکی دفاع پر مرکوز رہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی سی بی، تمام کھلاڑی، فرنچائزز اور اسپانسرز شہداء کے اہل خانہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
“کرکٹ ہماری خوشی کا ذریعہ ضرور ہے، لیکن ملکی خودمختاری اور سلامتی سب سے مقدم ہے۔ موجودہ حالات میں کرکٹ کو باوقار توقف دینا ضروری سمجھا گیا،” ترجمان نے مزید کہا۔
پی سی بی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ذہنی سکون اور ان کے اہلِ خانہ کے خدشات کا بھی احترام کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، اور اس دوران تمام شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا۔