تحریک منہاج القران کے زیر اہتمام نشتر ہال پشاور میں میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

0 131

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق تحریک منہاج القرآن ضلع پشاور کے زیرِ اہتمام نشتر ہال پشاور میں منعقدہ میلاد کانفرنس اور انسائیکلوپیڈیا آف حدیث کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمن سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے اسوہ محمدیہ کو اپنانا ہوگا۔ معاشی، معاشرتی بحرانوں نے اخلاقی بحران اور رویوں میں بگاڑ کی شکل اختیار کر لی ہے اس بگاڑ کی اصلاح کیلئے سیرتِ طیبہ کے ہر پہلو کو اپنی زندگیوں پر عملاً نافذ کرنا ہوگا۔ آج ولادتِ مصطفی ﷺ کے مبارک مہینہ میں پاکستان کی تعمیر و ترقی، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور ہر قسم کے متشدد رویوں اور عدم برداشت سے نجات کیلئے تجدید عہد کیا جائے جیسا کہ 23 مارچ 1940 کے دن مینار پاکستان کے مقام پر لاکھوں فرزندانِ توحید و عشاقانِ مصطفیﷺ نے پاکستان حاصل کرنے کا عزم کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ اخلاقی بگاڑ نے انسانوں سے انسانیت چھین لی۔ حلال، حرام کا فرق مٹ گیا، ظالم اور مظلوم کی مدد کے تصورات بدل گئے، جنگ کے بغیر ہر شخص حالت جنگ میں ہے۔بگاڑ کے اس ماحول میں ہر فرد کو داعی بننا ہو گا اور اپنی دعوتِ دین کو علمی رسوخ سے پختہ بنانا ہو گا۔ ہمیں سیرتِ طیبہ کو فروغ دے کر مٹ جانے والی اخلاقی قدروں کا ازسرنو بیدار کرنا ہو گا۔اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصنیف کردہ 60 جلدوں پر مشتمل انسائیکلوپیڈیا آف حدیث کی پہلی 8 جلدوں کی رونمائی بھی کی گئی ۔جس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انسائیکلوپیڈیا کے ذریعے علم الحدیث کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانے والوں کے تمام اعتراضات کا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے علمی جواب دے دیا ہے۔ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ علم الحدیث پر کام کا آغاز آپ ﷺ کے عہدِ مبارک کے اڑھائی سو سال بعد ہوا، یہ تاثر کم علمی پر مبنی ہے، دین اسلام کی درست تفہیم کے لئے علم الحدیث ناگزیر ہے۔ تقریب میں نامور علماء و مشائخ کے علاوہ سیاسی سماجی شخصیات اور ہزاروں شرکاء نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ انسائکلوپیڈیا مرتب کرنے کے لئے اداروں کی ضرورت ہوتی ہے جہاں سینکڑوں لوگوں پر مشتمل افراد مل کر ایک انسائیکلوپیڈیا ترتیب دیتے ہیں اور یہاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تن تنہا اتنا بڑا کارنامہ سر انجام دےکر امت مسلمہ کی علمی پیاس بجھانے کا سبب پیدا کر دیا۔انھوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی علمی خدمات لائق تحسین ہیں جنھوں نے آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے تجدید دین کا کام آسان فہم بنادیا۔ جس سے اسلام کے خلاف اٹھنے والے من گھڑت پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے معاون اور اسلام کی ترویج میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.