علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا، افکار اقبال پرعمل سے سماجی، سیاسی اور معاشرتی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اورملت اسلامیہ مفکر اسلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے، علامہ اقبال نے مشکل وقت میں اسلامی فلاحی ریاست کا راستہ دکھایا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مسلمان ظلم و نا انصافی کا شکار ہو کر منزل کا سراغ کھو بیٹھے تھے، افکار اقبال نے امید کی وہ شمع روشن کی جس کی روشنی سے منزل کا تعین ہوا، قائد اعظم کی عظیم قیادت میں مسلمانوں نے خودمختار ریاست کا قیام ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے افکار عالمگیر حیثیت کے حامل ہیں، امت مسلمہ کے مسائل کا حل شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے، تصور خودی مسلمان کو بحیثیت مومن انفرادی اور اجتماعی طور قوت بخشتا ہے، وہ قوت جس پرعمل سیا قوام عالم میں سنہری مقام حاصل ہوسکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ شاعر مشرق نے ان مسائل کی نشاندہی کی جن کا ہمیں آج سامنا ہے، علامہ محمد اقبال نے دور جدید کے تقاضوں کو اجاگر کیا، افکار اقبال پرعمل سے سماجی، سیاسی اور معاشرتی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔