جوملک طاقتورکو قانون کے کٹہرے میں نہ لاسکے وہ تباہ ہوتےہیں، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جو ملک طاقتور کو قانون کے کٹہرے میں نہ لاسکے وہ تباہ ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ ملک کرپشن کی وجہ سے غریب ہوتا ہے، جو ملک طاقتور کو قانون کے کٹہرے میں نہ لاسکے وہ تباہ ہوتے ہیں، سیاست میں آنے کا فیصلہ ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے کیا، میری پارٹی کا منشور قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست کا قیام ہے، 22 سال جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوا، میری اولین ترجیح ہے اپنے لوگوں کو غربت سے نکالوں۔
چینی یونیورسٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کے ڈائریکٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے 21 سال تک کرکٹ کھیلی، کھیل کا میدان چھوڑنے کے بعد سب سے پہلے کینسر اسپتال بنایا، عطیات کی مدد سے دوسرا کینسر اسپتال تعمیر کیا، تیسرا کینسر اسپتال بنانے پر کام کررہا ہوں، پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں یکسانیت نہیں اور ہر شخص کو اچھی تعلیم تک رسائی نہیں، میں نے اچھی تعلیم کے فروغ اور غریب طبقے کے لئے عطیات کی مدد سے 2 یونیورسٹیاں بنائیں۔